اسلام آباد: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ارتھ آور منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد زمین کے تحفظ، ماحولیاتی استحکام اور توانائی کی بچت کے لیے شعور اجاگر کرنا ہے۔ اس موقع پر رات 8:30 بجے سے 9:30 بجے تک ایک گھنٹے کے لیے غیر ضروری روشنیاں بند کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت کو اجاگر کیا جا سکے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا پیغام
صدر مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور کے موقع پر اپنے پیغام میں توانائی کے تحفظ اور ماحولیاتی بہتری کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غیر ضروری بتیاں بند کرنے سے توانائی کی بچت ممکن ہے، جو قومی توانائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں مدد دے سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قابل تجدید توانائی کے ذرائع اپنانے اور ایندھن بچانے والی گاڑیوں کے فروغ سے ماحولیاتی استحکام حاصل کیا جا سکتا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ زمین کے تحفظ کے لیے اجتماعی اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا کر رہا ہے، لہٰذا عوام کو ماحولیاتی تحفظ کی مہم میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
وزیراعظم نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آج رات ساڑھے 8 بجے غیر ضروری برقی آلات بند کریں اور ارتھ آور کی عالمی مہم کا حصہ بنیں تاکہ دنیا کو ایک بہتر اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے