بجلی صارفین پر 967 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، نیپرا کو درخواستیں موصول

09:43 AM, 22 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: بجلی صارفین پر 967 ارب روپے کا ایک اور اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔آئندہ مالی سال کے لیے 6 سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے لیے درخواستیں نیپرا میں جمع کرادیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے لیے 6 بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی  بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواستوں  کی سماعت 2 اپریل کو ہوگی۔

 گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) جانب سے 376 ارب، ملتان الیکٹرک پاور کمپنی (میپکو) نے 160 ارب روپے، کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) نے 236 ارب وصول کرنے کے لیے درخواست دی ہے۔

اسی طرح ٹرائبل ایریا الیکٹرک سپلائی کمپنی (ٹیسکو) نے 92 ارب روپے، پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی (پیسکو) نے 67 ارب روپے اور سکھر الیکٹرک پاور کمپنی (سیپکو) نے 35 ارب 70 کروڑ روپے وصولی کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

درخواستیں مالی سال 25-2024 کی ریونیو ضروریات کی مد میں دائر کی گئیں ہیں۔ 

واضح رہے کہ اس سے قبل 19 مارچ کو بجلی کی قیمت میں 4 روپے 99 پیسے فی یونٹ مزید اضافے کی درخواست جمع کرائی گئی تھیں۔

بجلی کی قیمت میں اضافے کی درخواست سینٹرل پاورپرچیزنگ اتھارٹی (سی پی اے) کی جانب سے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں جمع کرائی گئی تھی، نیپرا بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر 28 مارچ کو سماعت کرے گا۔

مزیدخبریں