اسلام آباد : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ افغانستان سے مسلح تصادم نہیں چاہتے لیکن اگر ہمسایہ ملک دشمن جیسا سلوک کرتا ہے تو اس کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری روک سکتے ہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے وائس آف امریکا کو انٹرویو دیتے ہوئے افغانستان کو خبردار کیا کہ اگر افغانستان دشمن جیسا سلوک کرتا ہے تو ہم اس کی بھارت کے ساتھ تجارتی راہداری روک سکتے ہیں۔افغانستان اپنی سرزمین پر پاکستان مخالف دہشتگردوں کو روکنے میں ناکام رہا۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ پیغام دینے کی ضرورت ہے کہ سرحدپار سے دہشتگردی بہت بڑھ چکی ۔ ہم نے طالبان کو کہا ہے کہ اگر ٹی ٹی پی نے آپ پر احسان کیا ہے اور آپ شکرگزار ہیں تو ان کو روکیے۔ طاقت آخری حربہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان ٹی ٹی پی کو پاکستان کے خلاف کارروائیوں سے اس وجہ سے بھی نہیں روک رہا کیونکہ انہیں خدشہ ہے کہ ٹی ٹی پی کو روکا گیا تو وہ داعش کے ساتھ تعاون کرنے لگے گی۔