اسرائیل نے رفح میں زمینی آپریشن کیا تو تعلقات خراب ہوسکتے ہیں: امریکی وزیر خارجہ

08:45 AM, 22 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

قاہرہ : امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے غزہ کے شہر رفح میں اسرائیل کے بڑے زمینی آپریشن کو غیر ضروری اور غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ حماس سے نمٹنے کے لیے فوجی آپریشن کے علاوہ اور بھی طریقے ہیں۔

انٹونی بلنکن غزہ میں جنگ بندی کے لیے مشرق وسطیٰ کے اپنے چھٹے دورے پر ہیں، انہوں نے مصر کے دارلحکومت قاہرہ میں اعلیٰ عرب سفارت کاروں کے ساتھ جنگ ​​بندی کی کوششوں اور غزہ تنازع کے بعد مستقبل کے بارے میں بات چیت کی اور  کہا کہ حماس کے زیر حراست اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کے ساتھ ’جنگ بندی‘ کی فوری ضرورت ہے۔

 
 انہوں نے قاہرہ میں مصری وزیر خارجہ سامح شکری کے ساتھ ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ رفح میں ایک بڑا فوجی آپریشن ایک غلطی ہوگی جس کی ہم حمایت نہیں کرتے۔ حماس سے نمٹنے کے لیے فوجی آپریشن کے علاوہ اور بھی طریقے ہیں، بڑے آپریشن سے امریکا اور اسرائیل کے درمیان تعلقات خراب ہوسکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک بڑے آپریشن کا مطلب مزید عام شہریوں کی ہلاکتوں اور غزہ میں انسانی بحران کی صورتحال کا مزید خراب ہونا ہے، فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی، غزہ پٹی پر دوبارہ قبضے کو مسترد کرتے ہیں۔  حماس اسرائیلی مذاکرات کا کسی نتیجے پر پہنچنا مشکل لیکن ناممکن نہیں۔

مزیدخبریں