ںئی دہلی : بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر الزام لگایا ہے کہ وہ انکم ٹیکس کیس میں ان کے اکاؤنٹس منجمد کر کے آئندہ عام انتخابات سے قبل پارٹی کو مفلوج کر رہے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کی خبر کے مطابق پارٹی نے پہلے کہا تھا کہ گزشتہ ماہ 2018-19 کے ایک زیر التوا ٹیکس کیس میں کانگریس کے بینک اکاؤنٹ کا ایک حصہ منجمد کردیا گیا تھا۔
رواں ماہ کے شروع میں ایک ٹیکس ٹربیونل نے بینک اکاؤنٹس سے انکم ٹیکس کی مد میں ایک ارب 36 کروڑ کی وصولی کو روکنے کی کانگریس کی اپیل کو مسترد کر دیا تھا۔
کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے کہا کہ پارٹی سے تعلق رکھنے والے تمام اکاؤنٹس کو منجمد کر دیا گیا ہے جس کے بعد اس کے پاس انتخابی مہم چلانے کے لیے فنڈز تک رسائی نہیں رہی۔
پریس کانفرنس میں راہول گاندھی نے کہا کہ 20 فیصد بھارت ہمیں ووٹ دیتا ہے اور ہم کسی چیز کے لیے 2 روپے بھی دینے کے قابل نہیں ہیں، یہ منصوبہ انتخابات میں ہمیں مفلوج کرنے کے لیے بنایا گیا ہے۔
راہول گاندھی نے ٹیکس کیس جس کی وجہ سے پارٹی کے تمام بینک اکاؤٹنس کو منجمد کر دیا گیا ہے، کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہم مہم نہیں چلا سکتے، ہمارے لیڈر ملک کے ایک حصے سے دوسرے حصے میں جانے کے لیے جہاز کا ٹکٹ نہیں لے سکتے، جہاز کا ٹکٹ تو دور کی بات ، وہ ریل کا ٹکٹ بھی نہیں خرید سکتے۔