راولپنڈی: جنوبی وزیرستان کے علاقے انگور اڈہ میں دہشت گردوں سے مقابلے کے دوران شہید ہونے والے بریگیڈیئر مصطفی کمال برکی کی نماز جنازہ ریس کورس راولپنڈی میں ادا کر دی گئی ہے۔
پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف (سی او اے ایس) جنرل سید عاصم منیر نماز جنازہ میں شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈی جی انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم، حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران و جوانوں، سرکاری افسران، ارکان پارلیمنٹ اور عوام کی بڑی تعداد بھی نماز جنازہ میں شریک ہوئی۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ افسر کو قوم کیلئے خدمات کے اعتراف میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آرمی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا، فوجی کیریئر کے دوران، بریگیڈیئر برکی انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں سرگرم رہے اور کے پی کے اور بلوچستان میں دہشت گردی کے متعدد نیٹ ورکس کو کامیابی سے ختم کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے اے پی ایس حملے 2016 میں ملوث دہشت گرد نیٹ ورکس کو ختم کرنے میں یادگار کردار ادا کیا، قوم ان کی زندگی میں شاندار خدمات اور پاکستان کیلئے دی گئی عظیم قربانی کو تسلیم کرتی ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج اور انٹیلی جنس ایجنسیاں دہشت گردی کے خلاف پر عزم ہیں اور دہشت گردی کی اس لعنت کو ہر قیمت پر ختم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہیں۔
شہید بریگیڈئیر مصطفی کمال برکی سپرد خاک، صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف کی نماز جنازہ میں شرکت
09:51 PM, 22 Mar, 2023