اسلا م آباد:تحریک انصاف کے منحرف ارکان اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسا ممبر قومی اسمبلی جس نے 40کروڑ کی زمین ریسکیو 1122 کیلئے وقف کی ہو اور پھر اُسی کی جماعت اُس پر پیسوں کا الزام لگائے تو یہ کہاں کی تحریک انصاف ہے ۔
منحرف رکن اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ میں نے اپوزیشن سےملاقات کی نہ ہی سندھ ہاؤس گیا، اپوزیشن جانتی ہے میں وقت پر حکومت کے ساتھ کھڑا ہوتا ہوں، میں دغا کرنیوالا نہیں تھا اورنہ ہی اب کروں گا،پی ٹی آئی اے کے ناراض ایم این اے نے کہا پارٹی کےساتھ کھڑا ہوں اورکسی اور کےساتھ جانےکا اعلان نہیں کیا، مطالبات پورے نہ ہوئےتو سیاست چھوڑ کر گھر بیٹھ جاؤں گا۔
احمد حسین ڈیہڑ نے کہا کہ بات سیاست یا حکومت کی نہیں بات عزت کی ہے، ارکان قومی اسمبلی کی بات یہ سنتے نہیں ہیں اور جب ووٹ چاہیے ہوتا ہے تو انہیں یاد آجاتی ہے۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ آخری سال میں فنڈز دیں گے،اُن کا کہنا تھا کہ سب کچھ پیسے کے لیے نہیں ہوتا ہے، میں نہ تو سندھ ہاؤس گیا نہ ہی اپوزیشن قیادت سے ملا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حیران ہوں ہمارے وزیراعظم عمران خان کو کیا ہوگیا؟ وہ اس طرح کی باتیں کررہے ہیں،احمد ڈیہڑ نے عمران خان کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اردگرد بیٹھے لوگوں کی پہچان کریں ان میں سے بہت سے لوگ انہیں نقصان پہنچا رہے ہیں ۔