لاہور: آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان کیخلاف بینو قادر سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ کی اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی ْ۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ کے دوسرے روز آسٹریلوی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 391 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی ، پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ نے 4،4 وکٹیں لیں جبکہ نعمان علی اور ساجد خان ایک ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔مہمان ٹیم کی طرف سے عثمان خواجہ 91 ، کیمرون گرین 79، ایلکس کیرے 67 اور اسٹیو اسمتھ 59 رنز بناکر نمایاں رہے۔
قبل ازیں آسٹریلیا نے دوسرے دن کھیل کا آغاز گزشتہ روز کے سکور 232 رنز پر 5 وکٹوں سے کیا تاہم ایلکس کیرے 67 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بن گئے۔ 353 کے مجموعی سکور پر آسٹریلیا کی ساتویں وکٹ گری جب کیمرون گرین 79 رنز بنا کر نسیم شاہ کو وکٹ دے بیٹھے ۔ مچل اسٹارک 13 اور نیتھن لیون 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
واضح رہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے آخری ٹیسٹ میچ میں آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔