اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے رہنما اور وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نےنئے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے چوہدری نثار علی خان سے متعلق خبروں کو بلاجواز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبریں بے مقصد اور بے بنیاد ہیں ۔
مریدکے میں نئے والٹن ایروڈروم کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر غلام سرور خان نے کہا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نئے والٹن ایروڈروم اور اکنامک زون کی تعمیر کا کام ایک سال میں مکمل کروائے گی ۔
وفاقی وزیر نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ قومی ائیر لائن سمیت دیگر تمام پاکستانی ائیرلائنز پر یورپ میں داخلے پر عائد پابندی مارچ میں ایاسا کے آڈٹ کے بعد اٹھنے کا امکان ہے۔
ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ عدم اعتماد کیلئے اپوزیشن کے پاس کوئی چارج شیٹ نہیں، اپوزیشن محض تصادم چاہتی ہے۔انہوں نے سیاسی میدان میں چوہدری نثار کے متحرک ہونے اور نئے وزیراعلیٰ پنجاب کیلئے خبریں سامنے آنے پر اپنا ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ نئے وزیراعلیٰ چوہدری نثار کا نام بلا جواز ہے۔