اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے وزیراعظم عمران خان کے 25 مارچ کے مجوزہ دورہ مانسہرہ اور جلسہ عام کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مانسہرہ میں الیکشن کمیشن کے مانیٹرنگ آفیسرحیات اللہ جان مروت نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو لکھے گئے خط میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کا دورہ مانسہرہ اور جلسے سے خطاب انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہو گی۔
خط میں کہا گیا ہے کہ صوبائی انتظامیہ تمام متعلقہ افراد کو اس دورے سے باز رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے بصورت دیگر قانونی کارروائی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وزیر اعظم عمران خان پرایک بار پھر جرمانہ عائدکیا ہے، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر (ڈی ایم او) سوات نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر وزیر اعظم کو 50 ہزار روپے جرمانہ کیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات والے اضلاع میں جلسوں میں شرکت سے روکا گیا ہے۔