گوجرانوالہ: گوجرانوالہ میں درندہ صفت شخص نے 9 سالہ ذہنی معذور بچی کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا جبکہ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تھانہ صدرگوجرانوالہ کے علاقے جنڈیالہ باغوالہ میں پیش آیا جہاں عثمان نامی ملزم ذہنی معذور بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ بچی گھر کے باہر کھیل رہی تھی کہ ملزم اسے اپنے گھر لے گیا۔
ملزم کے گھر والے شادی میں شرکت کیلئے رشتہ داروں کے گھر گئے ہوئے تھے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے بچی کو گھر میں زیادتی کا نشانہ بنایا اور فرار ہو گیا۔
ایس پی سول لائنز اسدالرحمان کے مطابق پولیس نے واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری مقدمہ درج کیا اور ملزم کی گرفتاری کیلئے ٹیم تشکیل دی جس نے آئی ٹی ٹیم کی مدد سے چند گھنٹوں میں ملزم کو ٹریس کر کے اسے گرفتار کر لیا۔
ایس پی سول لائنز کا کہنا ہے کہ ملزم نے اعتراف جرم کر لیا ہے جبکہ بچی کامیڈیکل اورملزم کاڈی این اے کروارہے ہیں، درندہ صفت شخص کوسخت سے سخت سزا دلوانے کی کوشش کی جائے گی۔