اسلام آباد: او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کا 48 واں اجلاس آج اسلام آباد میں ہوگا، اجلاس دو دن جاری رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلامی تعاون تنظیم کی اڑتالیسیویں وزرائے خارجہ کانفرنس آج پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں ہورہی ہے جس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔ کانفرنس کیلئے معزز مہمان اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ پارلیمنٹ ہاؤس میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔سکیورٹی کے بھی سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، ان کا خطاب امت مسلمہ کے لئے خصوصی اہمیت کا حامل ہوگا۔ او آئی سی اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کا جائزہ بھی لیا جائےگا۔