اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) امور علی نواز اعوان نے اسلام آباد میں واٹر فلٹریشن سہولت کا افتتاح کر دیا ہے جس کے باعث تقریباً 9,000 عام افراد صاف پانی کی سہولت سے مستفید ہو سکیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اس فلٹریشن سہولت کی تجدید نو بین الاقوامی این جی او واٹر ایڈ اور عالمی فوڈ اینڈ بیورج کمپنی ’پیپسی کو‘ کے تعاون سے کی گئی ہے اور اس واٹر فلٹریشن سہولت سے سید پور گاؤں اور گرد و نواح کے تقریبا 9,000 افراد براہ راست مستفید ہوگے۔ پیپسی کو کی جانب سے اس منصوبے کا آغاز وزیر اعظم پاکستان کے کلین اینڈ گرین پاکستان پروگرام کے عزم کے تحت کیا گیا ہے۔ پیپسی کو کلین اینڈ گرین پاکستان کے ’صاف پانی تک رسائی ‘ کے پروگرام کی کامیابی کیلئے واٹر ایڈ کے ساتھ اشتراک کے ذریعے صاف پانی کی فراہمی اور واٹر فلٹریشن سہولیات کی تجدید نو پر کام کر رہی ہے۔
واٹر فلٹریشن سہولت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سی ڈی اے امور علی نواز اعوان نے کہا کہ صاف پانی تک رسائی سب سے اہم چیلنج ہے، اسلام آباد میں پسماندہ علاقوں تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے اور حکومت کو مدد فراہم کرنے کے حوالے سے پیپسی کو اور واٹر ایڈ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔
اس حوالے سے پیپسی کو کے سینئر ڈائریکٹر محمد کھوسہ کا کہنا تھا کہ صاف پانی تک رسائی حفظان صحت کیلئے انتہائی ضروری ہے اور ہم اپنے پارٹنر واٹر ایڈ کے ساتھ مل کر ملک بھر میں صاف پانی تک رسائی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ایک مشن پر گامزن ہیں، ہمارا یہ پروگرام ’2030 تک 100 ملین افراد‘ تک صاف پانی کی فراہمی کے ہمارے عالمی عزم کے عین مطابق ہے۔
اس موقع پر واٹر ایڈ پاکستان کے کنٹری ڈائریکٹر صدیق خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واٹر ایڈ حکومت پاکستان کے کلین اینڈ گرین منصوبے کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کرنے کے حوالے سے پر عزم ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ پیپسی کو کے ساتھ اس اشتراک کے ذریعے ہم شہری علاقوں میں مقیم پسماندہ افراد تک اپنی خدمات فراہم کر نے کا قابل ہوئے ہیں، کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت پیپسی کو اور واٹر ایڈ پاکستان صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کرتے رہیں گے۔
’پیپسی کو‘ کے سینئر ڈائریکٹر محمد کھوسہ نے مزید کہا کہ صاف پانی تک رسائی کو بڑھانا پیپسی کو کے کی برانڈ اور بزنس سٹریٹجی کا حصہ ہے تاکہ لوگوں اور دنیا کیلئے بہتر نتائج حاصل کئے جاسکیں اور اس کیساتھ ساتھ ایک تیزی سے ترقی کرتی ہوئی کمپنی کے طور ثابت ہو سکیں، کمپنی کے فلاحی ادارے پیپسی کو فاؤنڈیشن کی مدد کے ذریعے 2006ءسے اب تک 55 ملین افراد تک صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاچکا ہے۔ علاوہ ازیں، عالمی سطح پر صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے ادارے کی جانب سے 700 ملین ڈالرز کی اضافی فنڈنگ جاری کئی گئی ہیں، یہ سنگ میل ’2030 تک 100ملین افراد تک صاف پانی کی رسائی ’ کے پیپسی کو کے مقصد کی جانب نمایاں پیش رفت ہے۔
’پیپسی کو‘ پاکستان کی جانب سے اسلام آباد میں واٹر فلٹریشن سہولت کا افتتاح کر دیا گیا
09:46 PM, 22 Mar, 2021