لاہور: دنیا کی سب سے بڑی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے گزشتہ سال اکتوبر سے دسمبر کے درمیان 1.3 بلین جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کر دئیے جبکہ کویڈ 19 سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے والی 12 ملین پوسٹس بھی ہٹائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک کی جانب سے جاری تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ویب سائٹ پر غلط معلومات کو ٹریک کرنے کیلئے 35,000 افراد کام کر رہے تھے جنہوں نے تمام جانچ پڑتال کے بعد گزشتہ سال اکتوبر سے دسمبر کے درمیان 1.3 بلین جعلی اکاؤنٹس ڈیلیٹ کئے جبکہ کویڈ 19 سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے والی 12 ملین پوسٹس بھی ہٹائیں۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وباءکے دوران بیماری اور اس کی ویکسین کے حوالے سے فیس بک اور ٹوئٹر سمیت دیگر سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر بہت زیادہ غلط معلومات گردش کرتی رہیں جن کا وقتاً فوقتاً سدباب کیا جاتا رہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسا کیا جاتا رہے گا۔
یاد رہے کہ غلطیوں سے متعلق فیس بک کے ڈیٹا کا انکشاف امریکی ایوان کمیٹی برائے توانائی و تجارت کے ایک معائنہ سے پہلے سامنے آیا ہے کہ کس طرح فیس بک سمیت ، ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز غلط معلومات سے نمٹنے کیلئے اقدامات اٹھاتے ہیں۔