اسلام آباد: چینی وزیراعظم لی کیکیانگ نے وزیراعظم عمران خان کے نام خط میں ان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کے مطابق چینی وزیراعظم نے خط میں پاکستانی ہم منصب کی جلدصحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ چینی سفیرکے مطابق وزیراعظم لی کیکیانگ نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں اور دونوں اس وقت قرنطینہ میں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کا شکار ہونے کے باوجود ویڈیو لنک کے ذریعے حکومتی امور چلانے میں مصروف ہیں اور ان کے قریبی رفقاءکا کہنا ہے کہ ان کی طبیعت بہت بہتر ہے۔