بھارت کرکٹ کو سیاست سے دور رکھے: شاہد آفریدی

بھارت کرکٹ کو سیاست سے دور رکھے: شاہد آفریدی
کیپشن: کورونا کی موجودہ لہر بہت خطرناک، ایس او پیز پر عمل کرنا بہت ضروری ہے: شاہد آفریدی
سورس: فائل فوٹو

کراچی: قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ کورونا کی موجودہ لہر بہت خطرناک ہے، بیماری سے بچاؤ کیلئے ایس او پیز پر عمل کرنا ہم سب کیلئے ضروری ہے۔بھارت کرکٹ کو سیاست سے دور رکھے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کیلئے کرکٹ کھیلی، عوام نے بہت پیار دیا۔ بیٹنگ کی پرفارمنس کو باؤلنگ اور فیلڈنگ سے پوری کرتا تھا۔ زندگی میں کچھ کرنے کیلئے سخت محنت کرنے کا عزم کیا تھا۔ اگر زندگی میں کچھ حاصل کرنا ہے تو اس کیلئے محنت لازمی شرط ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ سلیم حفیظ ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے پاکستان کے بچوں کیلئے گرانقدر کام ان کیلئے تعلیم کا بندوبست کیا ہے۔ یہ فاؤنڈیشن بچوں کیلئے حقیقت میں ایک ماں کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کی یونیورسٹی بلاشبہ پاکستان میں تعلیم کے حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے جہاں بچوں کو سکالرشپ میرٹ کی بنیاد پر دیا جاتا ہے۔ اس یونیورسٹی میں ایسے بچوں کو ترجیح دی جاتی ہے جو تعلیم کا خرچ نہیں اٹھا سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں بھی اس میں حصہ لے رہا ہوں اور یہاں بچوں کے ساتھ پڑھوں گا۔ آپ لوگوں کے ساتھ ہوں اور آپ کو ساتھ لے کر چلوں گا۔بچیوں کی تعلیم کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھا رہا ہوں۔ بچوں کے ساتھ بچیوں کی تعلیم بھی بہت ضروری ہے۔ بچوں کیلئے کرکٹ اکیڈمی بھی بنائیں گے جہاں انڈور گیمز کھیلی جائیں گی۔ میری فاؤنڈیشن بھی ان کے ساتھ مل کر بچوں کیلئے کام کرے گی۔

کرکٹ امور پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ محمد وسیم بہت اچھے ہیں، وہ چاہتے ہیں میرٹ پر فیصلے ہوں۔ کرکٹ کو زیادہ آسان نہ لیں، اس میں بہتر پرفارمنس والے لڑکے شامل کریں۔

پاک بھارت تعلقات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھنا چاہیے، پاکستانی اور بھارتی کھلاڑی ایک دوسرے کے ملک جا کر خوش ہوتے ہیں اور بہتر کرکٹ کھیلتے ہیں۔

بشکریہ: نئی بات