وزیراعظم عمران خان کی قرنطینہ کے دوران ایک اور تصویر منظرعام پر آ گئی

03:53 PM, 22 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قرنطینہ کے دوران لی گئی دوسری تصویر منظرعام پر آ گئی ہے جس میں وہ ہشاش بشاش اور صحت مند دکھائی دے رہے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے  معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم آج اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں،  اللہ کا شکر ہے عوام کی دعاؤں سے وہ صحت مند ہیں، آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ۔ 

  واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی ان کی  تصویر شیئر کی گئی  تھی جس میں وہ ایک صوفے پر بیٹھے اپنے گھر کے لان کا نظارہ کر رہے ہیں، اس تصویر میں وزیراعظم سفید شلوار قمیض میں ملبوس ہیں اور صحتمند نظر آ رہے ہیں۔

عوام کیساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا تھا کہ میں دعائیں کرنے اور نیک تمناؤں کے اظہار پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا ہفتے کو کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ اس کے بعد دونوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔

  قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستانی نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں آزاد اور لبرل انسان وہ ہے جس کی قیمت نہیں ہوتی، آزاد وہ ہوتا ہے جو مادی قیمت سے بالاتر ہے۔

مزیدخبریں