اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قرنطینہ کے دوران لی گئی دوسری تصویر منظرعام پر آ گئی ہے جس میں وہ ہشاش بشاش اور صحت مند دکھائی دے رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وزیر اعظم آج اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں، اللہ کا شکر ہے عوام کی دعاؤں سے وہ صحت مند ہیں، آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ۔
خان صاحب کی آج کی تصویر۔ خان صاحب آج اپنا معمول کا دفتری کام کر رہے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے آپکی دعاؤں سے وہ comfortable ہیں۔ آپ سب کی دعاؤں اور نیک تمناؤں کا شکریہ۔ pic.twitter.com/0HMCPQASAY
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) March 22, 2021
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے آفیشل فیس بک پیج پر بھی ان کی تصویر شیئر کی گئی تھی جس میں وہ ایک صوفے پر بیٹھے اپنے گھر کے لان کا نظارہ کر رہے ہیں، اس تصویر میں وزیراعظم سفید شلوار قمیض میں ملبوس ہیں اور صحتمند نظر آ رہے ہیں۔
عوام کیساتھ اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے لکھا تھا کہ میں دعائیں کرنے اور نیک تمناؤں کے اظہار پر تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ یاد رہے وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ خاتون اول بشریٰ بی بی کا ہفتے کو کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا تھا۔ اس کے بعد دونوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا تھا۔
قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پاکستانی نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حقیقت میں آزاد اور لبرل انسان وہ ہے جس کی قیمت نہیں ہوتی، آزاد وہ ہوتا ہے جو مادی قیمت سے بالاتر ہے۔