کورونا کی تیسری لہر، این سی او سی نے پابندیاں مزید سخت کردیں

12:39 PM, 22 Mar, 2021

اسلام آباد: این سی او سی نے کورونا کی تیسری لہر کو روکنے کیلئے اسلام آباد اور صوبوں میں پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔ 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور سربراہ این سی او سی  اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں بتایا کہ این سی او سی نے آج ہونے والے  اجلاس میں کورونا کے باعث لگائی گئی پابندیوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  بڑھتے ہوئے مثبت کیسز کے باعث مختلف سرگرمیوں پر پابندیاں سخت کی گئی ہیں۔  اسلام آباد اور صوبائی انتظامیہ کو کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایس او پیزکی خلاف ورزیوں پر کریک ڈاؤن کا کہا ہے۔

ادھر ملک میں کورونا کی تیسری لہر پھیل گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران  مسلسل پانچویں دن کورونا کے 3 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئےہیں۔ ملک بھر میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.4 فیصد ہوگئی۔

این سی اوسی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق  پاکستان میں کورونا کے مزید 3ہزار،669 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔جس سے  متاثرین کی مجموعی تعداد 6لاکھ،30ہزار،471 تک پہنچ گئی۔

ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے متاثرہ 20 مریض جان کی بازی ہار گئے ۔ اموات کی تعداد 13ہزار863 ہوگئی ۔ ایک دن کے دوران سامنے آنے والے 36 سو مریضوں میں سے 51 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں 2423 افراد تشویشناک حالت میں ہیں۔

24 گھنٹے کے دوران 1686 افراد نے کورونا کو شکست دی جس کے بعد  5لاکھ،83ہزار،538 مریض کورونا کو شکست دیکر صحت یاب ہو گئے ہیں۔24 گھنٹے میں 43 ہزار 498 ٹیسٹ کیے گئے ۔اب تک 98 لاکھ ،17 ہزار 4 سو 91 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔ 

کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں 2 لاکھ 63 ہزار 2 سو 90 مریض ہیں۔ پنجاب میں 1 لاکھ 99 ہزار 40 ، خیبر پختونخوا میں 80 ہزار 37 ، اسلام آباد میں 52 ہزار 86 ، بلوچستان میں 19 ہزار 3 سو 42 ، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 7 سو 4 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 9 سو 72 کورونا کے مریض ہیں۔ 

مزیدخبریں