لاہور: پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر خطرناک ہوگئی۔ملک بھر میں مسلسل پانچویں دن کورونا کے 3 ہزار سےزائد کیسز سامنے آئے ہیں ۔ کورونا مثبت کیسز کی شرح 8.4 فیصد ہوگئی۔
این سی اوسی کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین اعدادو شمار کے مطابق پاکستان میں کورونا کے مزید 3ہزار،669 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 6لاکھ،30ہزار،471 تک پہنچ گئی۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے متاثرہ 20 مریض جان کی بازی ہار گئہیں ۔ اموات کی تعداد 13ہزار863 ہوگئی ۔ ایک دن کےدوران سامنے آنے والے 36 سو مریضوں میں سے 51 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ ملک بھر میں 2423 افراد تشویشناک حالت میں ہیں۔
24 گھنٹے کے دوران 1686 افراد نے کورونا کو شکست دی جس کے بعد 5لاکھ،83ہزار،538 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔24 گھنٹے میں 43 ہزار 498 ٹیسٹ کیے گئے ۔اب تک 98 لاکھ ،17 ہزار 4 سو 91 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔
کورونا کے سب سے زیادہ مریض سندھ میں ہیں جہاں 2 لاکھ 63 ہزار 2 سو 90 مریض ہیں۔ پنجاب میں 1 لاکھ 99 ہزار 40 ، خیبر پختونخوا میں 80 ہزار 37 ، اسلام آباد میں 52 ہزار 86 ، بلوچستان میں 19 ہزار 3 سو 42 ، آزاد کشمیر میں 11 ہزار 7 سو 4 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 9 سو 72 کورونا کے مریض ہیں۔
دوسری طرف تیزی سے پھیلتے کورونا کے باعث این سی او سی کے آج ہونے والے اجلاس میں اہم و سخت فیصلے کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اسمارٹ لاک ڈاؤن میں اضافے کے فیصلے سمیت امتحانات کے لیے کھولے گئے اسکولوں کو بھی بند کرنے کی تجویز پر غور کیا جائے گا ۔
این سی اوسی کے مطابق جن اسکولوں میں امتحانات جاری ہیں وہاں اکثریت میں ایس او پیز کی خلاف ورزیاں رپورٹ ہو رہی ہیں،اجلاس میں وفاق اور صوبوں میں کورونا کے پھیلاؤ کے علاقوں کو ریڈ زون میں رکھنے کی تجویز پیش کی جائے گی اور متعلقہ علاقوں میں انتہائی سخت اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کئے جانے کا امکان ہے،۔
اس کے علاوہ اسلام آباد میں دفعہ 188 لگانے کی تجویز بھی پیش کی جائے گی جس کے تحت کورونا ایس او پیز پر عمل نہ کرنے والے دکاندار کو گرفتار کیا جا سکے گا۔
این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وباء سے بچائو کیلئے تمام قواعد و ضوابط پر عملدرآمد کریں کیونکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کی موجودہ تیسری لہر گزشتہ لہر کی نسبت زیادہ جان لیوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کورونا سے متاثرہ افراد میں بیماری کی علامات ظاہر ہونے میں چند روز لگتے ہیں،کورونا وائرس کی ویکسی نیشن کے موثر ہونے کے بارے میں افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ لوگوں کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین لگوانی چاہیے ۔
برطانوی وائرس کی لہر پہلے کے مقابلے میں زیادہ آسانی اور تیزی سے پھیل رہی ہے۔وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں سے متعلق فیصلہ بدھ 24 مارچ کوہوگا۔