پولیس کی کامیاب کارروائی، کوئٹہ میں 3 بچوں کو قتل کرنے والا سفاک ملزم گرفتار

Successful police operation, brutal accused arrested for killing 3 children in Quetta
کیپشن: فائل فوٹو

کوئٹہ: پولیس نے بلوچستان کے علاقے سبی میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 3 بچوں کو تیز دار آلے سے قتل اور ایک بچی کو زخمی کرنے والے سفاک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

اس بات کا اعلان ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم نے گزشتہ روز ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 15 مارچ کو جرم ہوا اور 20 مارچ کو پولیس نے کارروائی مکمل کرلی۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ اظہر اکرم کا کہنا تھا کہ ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ تفتیش میں ملزم سے مزید تفصیلات حاصل کرکے میڈیا کو دیں گے۔ ایسے ملزمان قابل معافی نہیں، کوشش ہے اسے فوری سزا ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ملزمان کو شفاف ٹرائل کے بعد سزا ملتی ہے تو جرائم میں کمی ہوتی ہے۔ کچھ معاملات ایسے ہیں جنہیں میڈیا کے سامنے نہیں لانا چاہتے۔ ملزم کی بچوں اور والدین سے نفرت کی وجہ سے یہ واقعہ ہوا۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ملزم بچوں کے والدین کو بھی قتل کرنا چاہتا تھا، پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے، باقی کی تلاش جاری ہے۔ ملزم بچوں کی والدہ کو گاڑی پر پک اینڈ ڈراپ کرتا تھا۔ اس واقعہ میں کوئی ایسا شخص ملوث ہے جو گھر میں آتا جاتا تھا۔ زخمی بچی کو جب کچھ تصاویر دکھائیں تواس نے ملزم کو پہچانا۔

ان کا کہنا تھا کہ ملزم واردات کیلئے جب گھر آیا تو بچوں نے دروازہ کھولا۔ ملزم گھر کے مین دروازے سے اندر داخل ہوا اور واردات کی۔