کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو وبائی مرض ویکسی نیشن کی وجہ سے نہیں ہوا، حفاظتی ٹیکوں کا بیماری سے کوئی تعلق نہیں ۔ مولانا فضل الرحمان کو اگر عالمی وبا بارے شک ہے تو انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ وزیراعظم سے گلے مل لیں۔
گورنر سندھ کی جانب سے سیاسی رہنماؤں پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جو لوگ ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں انہیں ناکامی ہوگی۔ ویکسی نیشن کے 14 روز بعد اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ صدر مملکت اور ان کی اہلیہ کی بھی ویکسی نیشن ہوئی ہے۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں نے بھی اپنی والدہ کی ویکسی نیشن کرائی ہے، وہ بالکل ٹھیک ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وبا کی نئی لہر انتہائی خطرناک ہے جو تیزی سے پھیل رہی ہے، اس سے بچاؤ کیلئے عوام تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ تمام افراد عالمی وبا سے بچاؤ کیلئے حکومتی ایس او پیز پر مکمل عمل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن ایک تھکے ہوئے شکست خوردہ سیاستدان ہیں۔ مولانا نے ایسی چیز کے پیچھے اپوزیشن کو لگانے کی کوشش کی جو حقیقت نہیں ہے۔ انھیں اگر عالمی وبا بارے شک ہے تو انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ وزیراعظم سے گلے مل لیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کو پہلے بھی شکست ہوئی، آئندہ بھی ناکامی سے دوچار ہوگی۔ پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں صرف اپنے مفاد کیلئے اکٹھی ہیں، انہیں عوام سے کوئی غرض نہیں ۔ عوام نے پی ڈی ایم کے بیانیے کو پوری طرح مسترد کر دیا ہے۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو معلوم ہو چکا، اب ان کی دال کہیں گلنے والی نہیں ہے۔ وزیراعظم بہت جلد صحت مند ہو کر دوبارہ عوام کی خدمت کریں گے۔
(بشکریہ نئی بات)