لاہور: معروف ماڈل،اداکارہ و ٹی وی ہوسٹ ماہ نور نے کہا ہے کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میںنے کم عمری میں سٹیج ڈرامہ کر کے بہت کچھ سیکھا اور اب مجھے ٹی وی فلموں میں کیمرے کاسامنا کرتے ہوئے کوئی گھبراہٹ نہیں ہوتی ۔
انہوں نے کہا کہ جو اداکار لائیو اسٹیج ڈرامہ کرتا ہے اس کو انسان کی کیمرہ نما آنکھیں دیکھتی ہیں اور ایسے فنکار کوکیمرے کے سامنے زیادہ مشکل نہیںہوتی،ماہ نورنے کہا کہ مسلسل فلمیں کرنا میر ا خواب نہیں اچھی فلمیں کرنا میرا مقصد ہے جن میں میرے لئے چیلنجنگ رول ہوں جن کو ادا کرتے ہوئے مجھے مشکل بھی پیش آئے اور میں اس کو اچھے طریقے سے ادا کرسکوں۔
انہوں نے کہا ہے کہ ہماری انڈسٹری کا کسی سے کوئی مقابلہ نہیں‘ہم حقیقت سے قریب تر اور لاجواب فلمیں اورڈرامے تخلیق کر رہے ہیں جو اپنی مثال آپ ہیں،انہوں نے کہا کہ میں فلموں میں فحاشی کے سخت خلاف ہوں مگر یہ فحاشی تب ختم ہوگی جب پروڈیوسرز فلموں سے اداکاروں کے کرداروں کے زریعے فحاشی ختم کرینگے۔
سچے فنکار کی صلاحیتوں کو کبھی دبایا نہیں جا سکتا۔ کچھ لوگ ہر وقت مجھے آوٹ کرنے کی سازشوں میں لگے رہتے ہیں مگر خدا کا شکر ہے کہ وہ ہر بار ناکام ہوتے ہیں۔