کراچی: کراچی کے علاقے شاہراہ فیصل اور گلشن اقبال میں دارالعلوم کی گاڑیوں پر فائرنگ کے نتیجے میں مفتی تقی عثمانی کے 2 محافظ جاں بحق ہو گئے۔
شاہراہ فیصل پر نرسری کے قریب ایک گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔ مفتی تقی عثمانی اس گاڑی میں سوار تھے جس پر نرسری کے قریب فائرنگ کی گئی جس میں وہ خوش قسمتی سے محفوظ رہے۔
دوسری جانب گلشن اقبال کے علاقے نیپا کے قریب بھی دارالعلوم کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار 2 افراد جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی گلشن نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گاڑی پر فائرنگ نیپا کے پل سے اترتے ہوئے کی گئی۔
جاں بحق افراد کی شناخت مولانا عامر شہاب اور گارڈ صنوبر خان کے نام سے ہوئی ہے۔
فائرنگ کا نشانہ بنائی گئی دونوں گاڑیوں کا تعلق دارالعلوم کراچی سے ہے اور ان میں سے ایک میں مفتی تقی عثمانی سوار تھے۔
دارالعلوم کے ترجمان مفتی طلحہ رحمانی کے مطابق مفتی تقی عثمانی خیریت سے ہیں۔ شاہراہ فیصل پر جس گاڑی پر فائرنگ کی گئی اس کا نمبر BKE-748 ہے اور متاثرہ گاڑی مفتی تقی عثمانی کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔
نیپا کے قریب گاڑی نمبر ATF-908 کو 2 موٹر سائیکلوں پر سوار 4 ملزمان نے فائرنگ کی۔ پولیس کے مطابق جائے وقوع سے 9ایم ایم پستول کے خول ملے ہیں جنہیں قبضے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔