لزبن:یونین آف یورپین فٹ بال ایسوسی ایشن (یوئیفا)نے چمپیئنز لیگ کے ایک اہم میچ میں اٹلی کے کلب یوونٹس کے اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کی جانب سے ہسپانوی کلب ایٹلیٹکو میڈرڈ کے خلاف ہیٹ ٹرک کے بعد جشن مناتے ہوئے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر 20ہزار یورو جرمانہ عائد کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق رونالڈو کسی بھی قسم کی پابندی سے بال بال بچ گئے جس کے بعد وہ 10اپریل کو کوارٹر فائنل میں اجاکس ایمسٹرڈیم کا سامنا کریں گے۔واضح رہے کہ رونالڈو کو گزشتہ ہفتے یوونٹس کے لیے 3گول کرنے کے بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ ڈیاگو سمیون کی نقل اتارنے پر قواعد کی خلاف ورزی کے الزام کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
رونالڈو نے اس میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے کچھ دیر بعد ایٹلیٹکو میڈرڈ کے تماشائیوں کی جانب رخ کرکے ان کے کوچ سیمیون کی نقل اتاری، سمیون نے اس سے قبل کھیلے گئے پہلے میچ میں 0-2سے کامیابی کے بعد نامناسب انداز میں جشن منایا تھا جس کے بعد ان پر بھی جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔
اطالوی کلب نے رونالڈو کی شاندار کارکردگی کے باعث چمپیئنز لیگ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی ہے جہاں اس کا مقابلہ ڈچ کلب اجاکس سے 10اپریل کو ایمسٹرڈیم اور 16اپریل کو تورن میں ہوگا۔خیال رہے کہ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے کوچ سمیون پر 20ہزار یورو جرمانہ عائد کیا گیا۔