متحدہ عرب امارات کی ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی اتِصالات نے صارفین کو خوش خبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ سے اگر کوئی صارف اپنا موبائل فون پیکج قبل از وقت ختم کرتا ہے تو اے اضافی رقم ادا نہیں کرنا ہو گی۔ اس سے قبل اگر کوئی شخص اپنا موبائل پیکج ختم کروانا چاہتا تھا تو اسے پیکج کے بقیہ مہینوں کے واجبات بھی ادا کرنا ہوتے تھے۔
جیسے کہ اگر کوئی شخص کسی فون پیکج کی سو درہم ماہانہ ادائیگی کرتا تھا اور اس کے فون پلان کے چھے مہینے باقی پڑے ہوتے تھے تو ا±سے موبائل پیکج وقت سے پہلے ختم کرانے کے لیے اگلے چھ مہینوں کے چھ سو درہم بھی جمع کرانا ہوتے تھے تاہم اب اسے نئی رعایت کے تحت صرف ایک مہینے کی اضافی فیس جمع کرانی ہو گی۔
اس طرح کوئی بھی صارف قبل از وقت پیکج کی بندش پر اضافی چارجز ادا کرنے پر مجبور ہو جاتا تھا۔
کمپنی کے مطابق یہ فیصلہ صارفین کی بڑی تعداد کی جانب سے تحفظات کے اظہار کے بعد کیا گیا۔اتِصالات کے مطابق یہ رعایت انٹرنیٹ اور ٹیلی ویڑن کانٹریکٹ دونوں کے لیے دی جا رہی ہے۔صارفین کو یہاں بتاتے چلیں کہ ابھی اس رعایت کے حوالے سے فیصلہ لیا گیا ہے، اس پر کب سے عمل درآمد شروع ہو گا، کمپنی کی جانب سے اس بارے میں کوئی واضح ٹائم فریم نہیں دِیا گیا، بس اتنا بتایا گیا ہے کہ اسے جلد از جلد متعارف کرا دیا جائے گا۔
اتِصالات کے مطابق اس فیصلے سے لاکھوں صارفین کو معاشی حوالے سے بڑا ریلیف مِل جائے گا۔ جبکہ صارفین کی سہولت کے لیے مزید بہتر فون پلانز بھی پیش کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کی بین الاقوامی شہرت کی حامل ٹیلی کام کمپنی اس وقت ایشیا، مشرقِ وسطیٰ اور افریقہ کے اٹھارہ ممالک میں اپنی خدمات مہیا کر رہی ہے۔