ویلنگٹن: نیوزی لینڈ کی مساجد میں ہونے والے شہداء کو خراج عقیدت اور عالم اسلام سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے پورے نیوزی لینڈ کے سرکاری ٹی وی اور ریڈیو پر آج براہ راست اذان نشر کی گئی۔
ہزاروں افراد النور مسجد کے سامنے ہیگلے پارک میں جمع ہوئے جہاں موجود نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسینڈا آرڈرن سمیت کئی غیر مسلم خواتین نے احتراماً سر ڈھانپ رکھے تھے۔
جمعے کی اذان کے بعد دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور سانحہ کرائسٹ چرچ کے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا جس کے بعد جمعہ کا خطبہ دیا گیا اور نماز ادا کی گئی۔
نماز جمعہ سے قبل ہیگلے پارک پہنچنے پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے مختصر خطاب میں صاحبان ایمان کے ایک جسم کی طرح ہونے سے متعلق حدیث رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم بیان کی۔
النور مسجد کے پیش امام نے نماز جمعے کا خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے عوام نے محبت اور اتحاد کامظاہرہ کیا۔ کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ ہمیں تقسیم کر دے اور جو لوگ شہید ہوئے ان کی تعداد معمولی نہیں لیکن نیوزی لینڈ کے عوام کا اظہار یکجہتی غیرمعمولی ہے۔
واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ سانحے کے شہدا کی یاد میں آج پورے نیوزی لینڈ میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
آکلینڈ میں اعلان کی گئی یادگاری تقریب میں ہزاروں افراد کی شرکت کی توقع کی جا رہی ہے۔
شہر کی بعض مساجد نے مقامی وقت کے مطابق شام پانچ سے 8 بجے تک دروازے کھلے رکھنے کا اعلان کیا ہے۔