سعودی عرب میں اے ٹی ایم کارڈزکے ذریعے آن لائن شاپنگ کی جاسکے گی، ساما

11:16 AM, 22 Mar, 2018

 ریاض:ساما نے تمام بینکوں کے اے ٹی ایم کارڈ " mada " کو ملکی اور بین الاقوامی طور پر انٹر نیٹ سے خریداری کی اجازت دے دی ہے ۔ مملکت میں کام کرنے والے تمام بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کو سہولت دیں کہ " مدی " اے ٹی ایم کارڈ کو کریڈیٹ کارڈ کے طور پر بھی استعمال کرسکیں ۔

سبق نیوز نے سعودی مانیٹرنگ اتھارٹی کے حوالے سے لکھا ہے کہ ساما نے مقررہ قواعد کے مطابق بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ یکم اپریل سے تمام مدی کارڈ ز کو وسعت دے کر انہیں انٹر نیٹ سے خریداری کےلئے فعال بنائیں ۔ اس ضمن میں ساما کی جانب سے بینکوں کو چند ہدایات بھی جاری کی ہیں جن میں صارفین کے حقوق کا خیال رکھنے کی خصوصی ہدایت شامل ہے ۔ بینکوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آن لائن شاپنگ کے اداروں سے رابطہ کر کے انہیں مدی کارڈ کے بارے میں تحریری طور پر مطلع کریں تاکہ صارفین آن لائن خریداری کر سکیں اور کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔

آن لائن خریداری کے لئے کارڈ ہولڈر کی خریداری کی حد متعین کرنا بینک کی ذمہ داری ہے ۔ انتظامیہ کارڈ ہولڈر کے اکاﺅنٹ میں موجود رقم اور اس کے آمدن کے حساب سے خریداری کی حد متعین کرے ۔ مقررہ حد سے زیادہ خریداری کو خودکار طریقے سے مسترد کر دیا جائے ۔ بینکوں کے ذمہ ہو گا کہ وہ ہر خریداری کی اطلاع بذریعہ ایس ایم ایس صارفین کو ارسال کریں تاکہ وہ ا س سے آگاہ رہیں ۔ ساما نے بینکوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ آن لائن خریداری کےلئے اپنے صارفین کو اشتہاری مہم کے ذریعے بھی آگاہ کریں تاکہ وہ افراد جو اس امر سے آگاہ نہیں انہیں اس سہولت کے بارے میں مکمل معلومات حاصل ہو سکیں۔

واضح رہے مقامی اے ٹی ایم کارڈز سے آن لائن خریداری نہیں ہو سکتی تھی جس کی وجہ سے لوگوںکو ویزہ یا ماسٹر کارڈ لینے پڑتے تھے۔ مذکورہ سہولت کے بعد ایسے افراد جو دیگرکریڈیٹ کارڈ لینے سے گریز کرتے تھے انہیں کافی سہولت ہو گی اور وہ اپنے بینک کے اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے آن لائن خریداری کرسکیں گے ۔

مزیدخبریں