تھائی لینڈ، مسافر بس بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی، 17 افراد ہلاک

10:11 AM, 22 Mar, 2018

بنکاک: تھائی لینڈ کے شمال مشرقی صوبے ناخون راچاسیما میں ایک ڈبل ڈیکر مسافر بس بے قابو ہو کر درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں 17 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ اے ایف پی کے مطابق بس میں 50 افراد سوار تھے جو چھٹیاں گزار کر واپس اپنے گھروں کو جا رہے تھے۔

صوبے کی ایمرجنسی میڈیکل سروس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ حادثے میں 17 افراد ہلاک اور 33 زخمی ہوئے۔ عہدیدار نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں سے 10 کی حالت تشویش ناک ہے جنہیں قریبی اسپتال میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

مزید پڑھیں: ووٹوں کی خریدو فروخت کا اسکینڈل، پیرو کے صدر نے استعفیٰ دیدیا

صوبے کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈپارٹمنٹ کے سربراہ نے بتایا کہ بس ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہو گئی اور سڑک سے اتر کر ایک بڑے درخت سے جا ٹکرائی اور بس 2 ٹکڑوں میں تقسیم ہو گئی۔

جائے حادثہ کے قریبی پولیس اسٹیشن کے ایک افسر نے بتایا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ بس کے بریک فیل ہو گئے تھے۔

یاد رہے کہ تھائی لینڈ کی سڑکیں دنیا بھر میں خطرناک تصور کی جاتی ہیں اور ایک رپورٹ کے مطابق ہر سال یہاں ٹریفک حادثات میں 24 ہزار کے قریب افراد موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔

یہ خبر پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ کے توہین آمیز بیان پر ایران کا سخت ردعمل سامنے آگیا

گذشتہ برس 13 نومبر کو بھی وسطی تھائی لینڈ میں ایک بس اور ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں میانمار کے کئی شہری ہلاک ہو گئے تھے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں