رحیم یار خان: امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف میں شامل جاگیرداروں، وڈیروں اور مخدوموں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو یر غمال بنا رکھا ہے ۔شوگر ملز مافیا نے کسانوں پر ظلم کے تمام ریکارڈ توڑ دیئے ہیں۔ ریاست بہاولپور کی اربوں روپے کی قیمتی اراضی کو لوٹ لیا گیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق 30مارچ کو رحیم یار خان سے جنوبی پنجاب کی بلکتی سسکتی عوام کے حقوق کی تحریک کا آغاز کریں گے۔30مارچ کو ہونے والا جلسہ عام جنوبی پنجاب کے عوام کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔
انھوں نے کہا کہ 2016کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کیلئے 230ارب روپے مختص کئے گئے مگر تمام بجٹ وسطی پنجاب میں لگا دیئے گئے ۔میڑو اور اورنج ٹرین منصوبوں پر کھربوں روپے لگا دیئے گئے مگر جنوبی پنجاب کی کروڑوں عوام آج بھی صاف پانی، صحت کی بنیادی سہولیات، تعلیم ،ہنر اور روز گار سے محروم ہیں۔ میٹرو اور اورنج ٹرین منصوبوں پر کھربوں روپے میں سے کچھ حصہ اگر عوام کی بنیادی ضروریات پر لگا دیا جاتا تو آج جنوبی پنجاب میں سالانہ لاکھوں افراد ہیپا ٹائٹس و دیگر موزی امراض میں مبتلا ہوکر نا مرتے ۔انتظامی بنیادوں پر بہاولپور سمیت دیگر صوبوں کا قیام وقت کی ضرورت ہے ۔