بغداد:عراق میں کرد ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے سرگرم ایک سماجی تنظیم کے زیراہتمام کئی روز تک جاری رہنے والے ’عید نوروز‘ ثقافتی میلے میں دیگر فن کاروں کی طرح سابق صدر صدام حسین کی ایک پوتی بنان حسین کامل کو بھی ایک فیشن ماڈل کے روپ میں دیکھا گیا۔
انہوں نے ایک فیشن ماڈل کے طور پر میلے میں شرکت کی اور بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے اور فیشن ماڈلنگ میں اچھی کار کردگی دکھانے پر ایک ایوارڈ بھی وصول کیا۔
انتہائی بیش قیمت لباس میں ملبوس بنان کامل کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی کافی مقبول ہوئی ہیں۔بعد ازاں مقامی ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے بنان حسین کامل نے کہا کہ میرے لیے سب سے اہم یہ ہے کہ ہم دوسروں کو کیسے متاثر کریں۔
ہم سب برابر ہیں۔ ہمارے درمیان کوئی شیعہ سنی اور کرد کا اختلاف نہیں۔ میرے دو خواب ہیں جنہیں میں شرمندہ تعبیر کرنا چاہتی ہوں۔ پہلا فیشن ماڈلنگ کا ہے اور میں اس میں کافی حد تک کامیاب ہوں اور دوسرا خواب عراق میں امن امان کے قیام کا ہے۔ میں چاہتی ہوں کہ عراقی قوم جسد واحد بن جائے۔