کراچی :ٹیم میں شامل نہ کرنے پر دلبرداشتہ جادوگر سپنر سعید اجمل سلیکٹرز کے رویے پر آبدیدہ ہوگئے۔سعید اجمل کا کہنا تھا کہ بورڈ مجھے ریٹائر کرانا چاہتا ہے تو گھر پر لیٹر بھیج دے۔سینئرز سے بورڈ کا ایسا رویہ رہا تو سپاٹ فکسنگ جیسے واقعات ہوتے رہیں گے۔ملک کو بیچنے والوں پر عمربھر کی پابندی لگائی جانی چاہیے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید اجمل کا کہنا تھا کہ 2010کے بعد 3 سال تک ہم پر فکسرز کی آوازیں کسی گئیں، ہم نے بڑی مشکل سے امیج بہتر کیا تھا لیکن سب گڑ بڑ ہو گیا، فکسرز کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے اور ان پر عمربھر کی پابندی لگائی جانی چاہیے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ انہوں نے ڈومیسٹک میں بہترین پرفارم کیا لیکن انہیں ٹیم میں واپس نہیں لیا جارہا ، یہاں تک کہ پاکستان کپ کیلئے پی سی بی نے ڈرافٹنگ میں نام بھی شامل نہیں کیا۔ سعید اجمل نے روتے ہوئے کہا کہ بورڈ مجھے ریٹائر کرانا چاہتا ہے تو گھر پر لیٹر بھیج دے .اگر بورڈ کا یہی رویہ رہا تو میچ فکسنگ ہوتی رہے گی۔