اسلام آباد: اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے وکلا شعیب شاہین اور علی بخاری ایڈوکیٹ کی تھانہ کوہسار میں درج مقدمہ میں ضمانت کنفرم کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نےگرفتاری کی درخواستوں پر سماعت کی۔اس موقع پر شعیب شاہین، علی بخاری ایڈووکیٹ وکلا کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے، وکلا ریاست علی آزاد، شکیل عباسی، نیاز اللہ نیازی، قیصر امام بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
شعیب شاہین کے وکیل نے عدالت میں دلائل دیے کہ میڈیا موجود تھا، سب کچھ سامنے تھا، مقدمے میں بے بنیاد الزامات لگائے گئے ہیں۔ جب بھی پر امن احتجاج کرتے ہیں مقدمہ درج ہو جاتا ہے۔ علی بخاری کے وکیل نے کہا کہ الیکشن ٹریبونل کی کارروائی کی وجہ سے انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
بعد ازاں عدالت نے دلائل سننے کے بعد پی ٹی آئی وکلا شعیب شاہین اور علی بخاری کی تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں ضمانت قبل از گرفتاری منظور کرلی اور ایک ایک لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔