کولمبو: پاکستان اور سری لنکا کے مابین ہونے والی سیریز کے شیڈول جاری کردیا گیا جبکہ قومی ٹیسٹ سکواڈ کا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق اعلان کردہ شیڈول میں ایک وارم اپ میچ اور دو ٹیسٹ میچز شامل ہیں، تین روزہ وارم اپ میچ 11 سے 13 جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔
اس کے بعد دو ٹیسٹ میچز ہوں گے، پہلا ٹیسٹ میچ سولہ جولائی سے بیس جولائی تک گال میں ہو گا جب کہ دوسرا ٹیسٹ میچ چوبیس سے اٹھائیس جولائی تک کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم چھ جولائی کو سری لنکا پہنچے گی۔
دورہ سری لنکا کے لیے 18 رکنی قومی ٹیسٹ اسکواڈکا بھی اعلان کردیا گیا ہے۔ اعلان کردہ اسکواڈ میں تین اسپنرز، چار مڈل آرڈر بیٹرز، تین آل راؤنڈرز، دو وکٹ کیپرز، دو اسپنرزاور چار فاسٹ بولرز کو شامل کیا گیا ہے۔
یاسر شاہ اور سلمان علی آغا کی قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، اس کے علاوہ انجری کے باعث آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ سے باہر ہونے والے محمد نواز دوبارہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوگئے ہیں۔
اسکواڈ میں کپتان بابر اعظم ، نائب کپتان محمد رضوان ، عبداللہ شفیق، اظہر علی اور فہیم اشرف شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فواد عالم، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد نواز، نسیم شاہ، سرفراز احمد ، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود، یاسر شاہ اور نعمان علی بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔