اسلام آباد : امریکی ٹی وی چینل نے وزیراعظم کے انٹرویو کا ایک حصہ سنسر کردیا جس پر حکومت پاکستان نے امریکی ٹی وی سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق امریکی ٹی وی چینل نے وزیراعظم عمران خان کے انٹرویو کا وہ حصہ سنسر کیا جس میں بھارتی ہندوتواسوچ کے بارے میں سوال کا جواب دیا گیا تھا ۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے وزیراعظم کا انٹرویو سنسر کرنے پر امریکی ٹی وی سے وضاحت مانگ لی۔امریکی ٹی وی نے وزیراعظم کا انٹرویو سنسر کرکے آزادی اظہار پر قدغن لگائی گئی۔حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت اطلاعات کو امریکی ٹی وی چینل سے معاملہ اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے امریکی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیا تھا جس میں افغان امن عمل، مقبوضہ کشمیر، بھارت، جوہری ہتھیاروں اور خواتین سمیت دیگر معاملات پر گفتگو کی تھی تاہم ٹی وی نے بھارت سے متعلق حصہ نشر نہیں کیا۔