عمران خان کو لانے والے اب پچھتارہے ہیں: زرداری،انتخابات تک پی ٹی آئی کو نہیں چھوڑ سکتے: پرویز الہٰی

09:23 PM, 22 Jun, 2021

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

نیونیوز کے مطابق  آصف علی زرداری نے چوہدری پرویز الٰہی سے کہا کہ آپ ہمارےبھی اتحادی تھے اور اس حکومت کے بھی، فرق تو پتہ چل گیا ہوگا، اگلےعام انتخابات میں پیپلزپارٹی سب کو سرپرائز دے گی۔ 

ذرائع کے مطابق آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان کبھی بھی سیاست دان نہیں تھے، عمران خان کو لانے والے اب پچھتا رہے ہیں، عمران خان اور وزراء سمجھتے ہیں دھمکیوں سے سندھ حکومت کو ڈرا دیں گے تویہ ان کی بھول ہے، ہم نے تو آمروں کا مقابلہ کیا، یہ کیا چیزہیں۔

آصف زرداری نے مزید کہا کہ بلاول نے ثابت کیا ہے وہ بہترین اپوزیشن کرنا جانتا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گی۔

 اس موقع پر اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے کہا کہ ہم نے  اتحادی ہونے کے باوجود متعدد مرتبہ حکومتی پالیسوں سے اختلاف کیا،تمام اسمبلیوں میں ہنگامہ آرائی ہوئی مگرپنجاب میں ایسا نہیں ہونے دیا، اب تحریک انصاف کےاتحادی ہیں تو انتخابات تک اتحادی ہی رہیں گے، قومی اسمبلی میں متعدد مرتبہ بلاول کی تقریر سنی ، وہ بہت میچور بات کرتےہیں۔

مزیدخبریں