دوسرا ایلیمینیٹر، اسلام آباد یونائیٹڈ کا زلمی کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف

08:41 PM, 22 Jun, 2021

ابوظہبی: پاکستان سپر لیگ 6 کے دوسرے ایلیمنیٹر راؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 175 رنز کا ہدف دیا ہے۔ 

 ایلیمنیٹر راؤنڈ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 174 رنز بنائے۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ بدقسمت رہے اور پہلے ہی اوور میں ایک رن بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے جب کہ محمد اخلاق 7 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔

کولن منرو نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 44 رنز کی اننگز کھیلی اور برینڈن کنگ بھی 18 رنز کے مہمان ثابت ہوئے اور افتخار احمد 10 رنز پر کامران اکمل کو کیچ دے بیٹھے۔ کپتان شاداب خان 15 اور آصف علی 8 رنز بنانے کے بعد عمید آصف کا شکار بنے۔

حسن علی نے 16 گیندوں پر 45 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ پشاور زلمی کی جانب سے عمید آصف اور وہاب ریاض نے 2،2 ، محمد عرفان ، محمد عمران اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے ملتان سلطانز پہلے ہی پی ایس ایل 6 کے فائنل میں رسائی حاصل کرچکا ہے اور پشاور زلمی نے کل کراچی کنگز کو شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا تھا جب کہ آج کی وننگ ٹیم 24 جون کو ملتان سلطانز سے ٹرافی کی جنگ لڑے گی۔

مزیدخبریں