اسلام آباد: چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہا ہے کہ لباس کا ریپ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بچوں سے لے کر بڑوں تک لوگ زیادتی کا شکار ہو رہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کا خواتین سے متعلق بیان افسوس ناک ہے ہمیں مظلوم کا ساتھ دینا چاہئے بہانے بنا کر ظالم کا ساتھ نہیں دینا چاہئے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کو الفاظ کا چناؤ سوچ سمجھ کر کرنا چاہئے ایسے بیانات سے ظالم کو فائدہ پہنچتا ہے وزیراعظم کے بیان سے لگتا ہے زیادتی کا شکار ہونے والوں سےزیادتی ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ لباس کا ریپ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں بچوں سے لے کر بڑوں تک لوگ زیادتی کا شکار ہو رہے ہیں سب سے زیادہ ریپ کا شکار خواتین ہو رہی ہیں ہمیں خواتین کیلئے اسٹینڈ لینا پڑے گا۔
چیئرمین پی پی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے آنے سے قبل اور بعد میں حالات کیا ہیں موٹر وے اور ہوائی اڈوں کو گروی رکھنے کا منصوبہ ناکام ہوجائے گا عمران خان نے جس منصوبے میں ہاتھ ڈالا اس کا نقصان ہوا بہتری نہیں ہوئی۔