الیکشن کمیشن کا کام قانون پر عملدر آمد ہے سیاست نہیں: فواد چودھری

03:43 PM, 22 Jun, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ہے کہ  کابینہ نے اسلم خان کو پی آئی اے کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ الیکشن کمیشن کوانتخابی اصلاحات بل کی کچھ شقوں کی مخالفت پر کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس کے میڈیا بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ  مسلم لیگ (ن) اوورسیز پاکستانی کو ووٹ کا حق دینے کیخلاف ہے۔ اس کو خوف ہے اوورسیز پاکستانی عمران خان کے ساتھ ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو آصف زرداری، نواز شریف اور شہباز شریف پر اعتماد نہیں۔ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں،وہ قیمتی زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔ ہم اس وقت ای وی ایم بنانے کی پوزیشن میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہتے ہیں الیکشن کمشین ای وی ایم کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ چاہتے ہیں اگلے الیکشن سے پہلے ای وی ایم کا سلسلہ شروع ہو جائے۔ حکومت کی کوشش ہے اوورسیز پاکستانیز کو ووٹ دینے میں حصہ دار بنائے۔معیشت کی ترقی کی وجہ بیرون ملک پاکستانی ہیں۔ الیکشن کمیشن حکام کی ذمہ داری ہے آئندہ انتخابات کو الیکٹرانک ووٹنگ پر منتقل کریں۔

فواد چودھری نے  الیکشن کمیشن کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ان کا کہنا تھا کہ  الیکشن کمیشن پارلیمنٹ سے پاس قانون پر عمل کرانے کا پابند ہے ،  آئین سے متصادم قوانین پر فیصلہ سپریم کورٹ کرےگی۔ الیکشن کمیشن کا کام سیاست نہیں ہے ،اس کو دیکھنا ہوگا پارلیمنٹ کا استحقاق مجروح نہ ہو۔  الیکشن کمیشن ایک انتظامی ادارہ ہےان کاکام قانون پرعملدرآمدکرناہے اگرکسی نےسیاست کرنی ہےتوپھرپارٹی بناکرسیاست کریں۔الیکشن کمیشن پارلیمنٹ پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔

کابینہ فیصلوں کے حوالے سے فوادچودھری نے بتایا کہ  ممنوعہ اسلحہ کےلائسنس کے اجرا کامعاملہ موخرکردیاگیا۔ سرکاری اراضی پر قبضے کےخلاف موثر قانون سازی کے لیے بل لارہے ہیں۔ پبلک پراپرٹی انکروچمنٹ بل 2021کی منظوری دے دی۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ ا سٹاف ہاؤسنگ کالونی کے لیے کمیٹی تشکیل دی  گئی ہے۔ عاصم رؤف کی بطور چیئرمین ڈریپ مدت ملازمت میں 3 ماہ کی توسیع کی گئی۔ کابینہ نے 10 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔

مزیدخبریں