لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور کی بینکنگ کورٹ نے عبوری ضمانتوں کے کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بینکنگ کورٹ کے ڈیوٹی جج سید علی عباس نے یہ فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز 3 روز میں 10، 10 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرائیں اور اگر مچلکے جمع نہ کروائے تو ضمانتیں غیر موثر تصور ہوں گی اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو گرفتاری کا حق ہو گا۔
بینکنگ کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ملزمان شامل تفتیش ہوں گے اور ایف آئی اے جب بھی بلائے، پیش ہوں گے، ملزمان ہر پیشی پر عدالت میں پیش ہونے کے پابند ہوں گے۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے وکیل کے مطابق شہباز شریف اور حمزہ شہباز معصوم ہیں، دونوں ملزمان کی 10 جولائی تک ضمانتیں منظور کی جاتی ہیں۔ بینکنگ کورٹ نے ایف آئی اے کو دونوں کو گرفتاری سے روکتے ہوئے حکم دیا ہے کہ آئندہ سماعت پر مقدمے کا تمام ریکارڈ عدالت میں پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ ایف آئی اے نے شوگر سکینڈل میں شہباز شریف کو آج طلب کر رکھا ہے اور اس حوالے سے انہیں بھیجے گئے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ اگر وہ پیش نہ ہوئے تو انہیں گرفتار بھی کیا جا سکتا ہے جس پر شہباز شریف نے عبوری ضمانت حاصل کی اور عدالت نے ایف آئی اے کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
بینکنگ کورٹ کا شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم
01:21 PM, 22 Jun, 2021