بلاول پرچی چیئرمین، وفاق کے ٹیکس کی انہیں کیا فکر ہے: ڈاکٹر شہباز گل

12:41 PM, 22 Jun, 2021

کراچی: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ بلاول پرچی چیئرمین ہیں، وفاق کے ٹیکس کی بلاول کو کیا فکر ہے؟ حکومت سندھ اس قدر نکمی ہے کہ نان ٹیکس ریونیو کا اپنا مقرر کردہ ہدف بھی حاصل نہیں کر سکی۔ 
گورنر ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ ڈاکو چور بھی اس طرح حکومت نہیں چلاتے، ایان ایکسپریس کی فلائٹ آتی خالی، اور جاتی بھر کے تھی، سارا پیسہ باہر چلا جاتا تھا۔شہباز گل نے کہا کہ 5200 ارب سندھ کے عوام کے نام پر پیسہ آیا ،آدھے سے زیادہ یہ لے اڑے، سندھ حکومت نے نان ٹیکس ریونیو کا ٹارگٹ 50 ارب رکھا لیکن حاصل 12 ارب کیا، آپ تو اتنے نکمے ہیں کہ آپ سے اپنا رکھا گیا ٹارگٹ حاصل نہیں ہوتا۔
ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ یہ میں نہیں کہہ رہا بلکہ یہ دستاویزات کہہ رہی ہیں، مجھے نہیں پتہ کہ اس میں کیا سچ کیا جھوٹ ہے، ہم آپ کو کھانے نہیں دیں گے، ٹیکس ادا کرنے والے کا پیسہ آپ کے پاس ہوتا ہے، یہ کیش رکھا کیوں ہے؟ کہاں سے آئے یہ جھمکے کس نے دیے یہ جھمکے؟ کیش میں تو آپ لتھڑے تھے عوام پر کیوں نہیں لگایا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ انہوں نے سندھ پولیس کی کیا حالت کی ہوئی ہے؟ آپ جانتے ہیں، سندھ پولیس کے کیلئے 102 ارب روپے رکھے مگر صرف 93 ارب خرچ کئے، ایگری کلچر کیلئے 14 ارب رکھے تھے اس میں سے بھی 4 سے 5 ارب بچا لئے ہیں، کراچی اور سندھ نے ہمیں بھاری مینڈیٹ دیا اس لئے ہم سندھ کے عوام کو جواب دہ ہیں، سارے وڈیروں نے ایگر یکلچرٹیکس 61 کروڑ روپے دیا، انہیں13 سال ہوگئے لوٹ مار کرتے ہوئے،بلاول گدھوں کاذکراس لئے کرتے ہیں کہ سندھ کے سکولوں میں گدھے بندھے ہیں۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ میں کسی کو گدھا نہیں کہہ رہا، سارے وڈیرے مگرمچھ ہیں، آپ کی خراب کارکردگی کی وجہ سے ہمیں سندھ میں نالی اور گٹر کا کام بھی کرنا پڑ رہا ہے، احساس پروگرام کے تحت ہماری حکومت نے غریبوں کی بھرپورمدد کی،وفاق نے 700 ارب روپے کی سبسڈی دی ،صوبے نے 12 ارب دیئے، اسی طرح ٹرانسپورٹ کیلئے 539ملین رکھے گئے مگر خرچ 311 ملین کئے گئے۔

مزیدخبریں