لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے باہمی اتفاق رائے سے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے جس کا اعلان پی سی بی کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کیا گیا ہے۔
پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) وسیم خان کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یونس خان جیسی تجربہ کار شخصیت کو کھونا افسوسناک ہے، فریقین نے طویل مشاورت کے بعد باہمی اتفاق رائے سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے یونس خان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، امید ہے کہ وہ اپنے تجربے اور قابلیت سے مستقبل میں بھی دستیاب ہوں گے، پاکستان کرکٹ بورڈ اور یونس خان نے اس معاملے پر مزید کسی تبصرے سے گریز کرنے پر بھی اتفاق کیا ہے۔
واضح رہے کہ یونس خان کو گزشتہ سال نومبر میں 2 سال کیلئے قومی ٹیم کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا تھا، اپنے عہدے سے علیحدگی کے بعد اب دورہ انگلینڈ میں قومی کرکٹ ٹیم کو بیٹنگ کوچ کی خدمات میسر نہیں ہوں گی تاہم دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے یونس خان کے متبادل کا فیصلہ مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
قومی ٹیم کا دورہ انگلینڈ 25 جون سے 20 جولائی تک شیڈول ہے جس دوران تین ون ڈے اور تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچز شامل ہیں۔ قومی ٹیم 21 جولائی کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوگی جہاں اسے 24 اگست تک پانچ ٹی 20اور دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز بھی کھیلنی ہے۔