کورونا وائرس کی تیسری لہر، ملک بھر میں کورونا کیسز کی کم ترین شرح ریکارڈ 

09:44 AM, 22 Jun, 2021

اسلام آباد: ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات میں غیر معمولی کمی دیکھنے میں آئی ہے جبکہ موجودہ لہر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی کم ترین شرح ریکارڈ کی گئی ہے۔ 
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 663 مریض سامنے آئے ہیں جبکہ مزید 27 افراد اس موذی وباءکے ہاتھوں زندگی کی بازی ہار گئے، مزید 1 ہزار 204 مریض شفایاب ہو گئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 8 لاکھ 94 ہزار 352 ہو گئی ہے جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مثبت کیسز کی شرح 1.7 فیصد رہی۔ 
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی 27 اموات کے بعد مجموعی اموات کی تعداد تعداد 22 ہزار 34 ہو گئی ہے جبکہ مجموعی مریضوں کی تعداد 9 لاکھ 49 ہزار 838 ہو چکی ہے، ملک بھر کے ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کل 33 ہزار 452 مریض زیر علاج ہیں جن میں سے 2 ہزار 179 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ 
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 39 ہزار 17 ٹیسٹ کئے گئے اور یوں اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 41 لاکھ 87 ہزار 441 ہو گئی ہے جبکہ پاکستان بھر میں اب تک کل 1 کروڑ 29 لاکھ 77 ہزار 740 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔
پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے، یہاں اب تک 3 لاکھ 45 ہزار 141 کورونا کے مریض رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ یہاں مجموعی ہلاکتیں بھی دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں جو 10 ہزار 659 ہو چکی ہیں۔ سندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 3 لاکھ 32 ہزار 677 ہو چکی ہے اور 5 ہزار 344 اموات ہو چکی ہیں۔ 
خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1 لاکھ 37 ہزار 147 ہو چکی ہے اور مجموعی طور پر 4 ہزار 274 اموات ہو چکی ہیں۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 82 ہزار 394 کورونا وائرس سے متاثرہ مریض اب تک سامنے آئے ہیں اور کل 775 افراد اس وباءسے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
کورونا وائرس کے بلوچستان میں 26 ہزار 673 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 301 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے اب تک 19 ہزار 979 مریض رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اس کے باعث اب تک یہاں کل 573 مریض وفات پا چکے ہیں۔

مزیدخبریں