اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے خواتین کے لباس کے بارے میں بیان پر پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ کسی مرد کو یہ حق نہیں کہ وہ خواتین کے خلاف جنسی تشدد اور جرائم کا الزام خواتین یا اُن کے لباس پر عائد کرے۔
اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھاکہ صدمہ ہوا ہے کہ ہمارے وزیراعظم نے ایسا کیا، کیا عمران خان نہیں جانتے کہ ایسا کہہ کر اُنہوں نے خواتین پر ظلم کرنے والوں کو اپنے جرائم کے جواز کیلئے نیا بیانیہ فراہم کیا ہے۔ کسی بھی وزیر اعظم کیلئے اس طرح کی بات کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، وزیر اعظم کا یہ بیان انتہائی غیر ذمے دارانہ اور قابلِ مذمت ہے۔
دوسری جانب اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کا کہنا تھاکہ عمران خان کے بیان سے دنیا کو ان کی بیمار اور عورت سے نفرت کرنے والی ذہنیت کی جھلک دیکھنے کو ملی۔ جنسی زیادتی کی وجہ خواتین کا کوئی فیصلہ یا اقدام نہیں ہوتا بلکہ مردوں کا گھٹیا اور ناپاک فیصلہ ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی اطلاع کیلئے عرض ہے کہ اللہ نے خود پر قابو رکھنے کو سب سے زیادہ اہمیت دی ہے۔
خیال رہے کہ امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں ہیں، یہ ایک مکمل طور پر مختلف معاشرہ ہے، جب آپ لوگوں کو اکسائیں گے تو ان نوجوانوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی تو پھر اس کے نتائج ہوں گے۔
خواتین پر جنسی تشدد سے متعلق بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں ہے، اگر عورت کپڑے کم پہنے گی تو اس کا اثر تو ہو گا۔