بھوربن : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان نے انتہائی خوش دلی ، نیک نیتی اور مشترکہ ذمہ داری کے احساس کے ساتھ افغانستان میں امن عمل کے لیے سہولیات بہم پہنچانے کا کردار ادا کیا ہے ۔
افغان امن کانفرنس پاکستان کی پرفضا مقام مری میں جاری ہے ، افغانستان سے اس کانفرنس میں سابق وزیراعظم اور حزب اسلامی کے امیر گلبدین حکمت یار کے علاوہ اہم سیاسی رہنما اور زعما شرکت کر رہے ہیں ۔
افغانستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہ اور افغان صدر کے سیاسی مشیر ، سینیٹرز اور افغان پارلیمان کے ارکان بھی شامل ہیں ۔افغانستان میں مضبوط صدارتی امیدوار سمجھے جانے والے حنیف اتمر کے علاوہ کریم خلیلی ، احمد ولی مسعود ، محمد محقق ، عطا محمد نور بھی شامل ہیں ۔
پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر افغان صدر اشرف غنی کے اس ماہ کے آخر میں اسلام آباد کے دورے سے قبل یہ کانفرنس اہمیت اختیار کر گئی ہے ۔