حافظ سعید کے صاحبزادے، داماد کے کاغذات نامزدگی منظور

09:10 PM, 22 Jun, 2018

سری نگر :الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے جماعت الدعوۃ کے امیر حافظ سعید کے صاحبزادے اور ان کے داماد کے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لیے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی منظوری دے دی۔

جماعت الدعوۃ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات احمد ندیم کے مطابق حافظ سعید کے بیٹے حافظ طلحہٰ سعید قومی اسمبلی کے حلقہ 91 سرگودھا اور داماد حافظ خالد ولید حلقہ 133 لاہور سے آئندہ عام انتخابات میں حصہ لیں گے۔

یہ دو ملی مسلم لیگ (ایم ایم ایل) کے ان 265 امیدواروں میں شامل ہیں جو غیر معروف اللہ اکبر تحریک (اے اے ٹی) کے پلیٹ فارم سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔

الیکشن کمیشن نے جماعت الدعوۃ کی سیاسی پارٹی سمجھی جانے والی ملی مسلم لیگ کی رجسٹریشن سے انکار کردیا تھا ، ایم ایم ایل کے امیدوار قومی اسمبلی کے 80 اور صوبائی اسمبلیوں کے 185 حلقوں سے انتخابات میں حصہ لیں گے، لیکن اس کی زیادہ توجہ پنجاب میں ہوگی جہاں اس کے 50 امیدوار قومی اسمبلی اور 152 صوبائی اسمبلی کی نشستوں کے لیے الیکشن لڑیں گے۔

این اے 91 سرگودھا میں، جہاں سے لاہور کی ایک یونیورسٹی میں لیکچرار طلحہٰ سعید انتخابات لڑیں گے، ان کے والد کا آبائی گاؤں چَک 126 جنوبی بھی شامل ہے۔

طلحہٰ سعید، اللہ اکبر تحریک کا انتخابی نشان ’کرسی‘ استعمال کریں گے، قبل ازیں اللہ اکبر تحریک نے کسی بھی سیاسی جماعت سے اتحاد کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’ایم ایم ایل‘ سمیت اس کے بینر تلے انتخابات لڑنے والے تمام امیدوار تحریک کے رکن بھی ہوں گے۔

حافظ طلحہ سعید کے مقابلے میں مسلم لیگ (ن) کے ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے عامر سلطان چیمہ و دیگر امیدوار ہوں گے۔
 

مزیدخبریں