ماسکو : فٹ بال ورلڈ کپ 2018 میں فرانس نے پیرو اور کروشیا نے ارجنٹائن کو بدترین شکست دے کر دوسرے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا جبکہ ڈنمارک اور آسٹریلیا کے درمیان میچ برابر رہا۔
جمعرات کو کھیلے گئے گروپ سی کے پہلے میچ کا آغاز تیزی سے ہوا اور میچ کے 7ویں منٹ میں کرسچن ایرکسن نے گول کر کے ڈنمارک کو آسٹریلیا کے خلاف برتری دلا دی۔
پہلے میچ میں فرانس سے شکست کھانے والی آسٹریلیا کی ٹیم نے اس کے بعد میچ برابر کرنے کی کوششیں شروع کیں، انہیں گول کرنے کا موقع اس وقت ملا جب گول سے چند انچ کے فاصلے پر ڈنمارک کے دفاعی کھلاڑی کے ہینڈ بال کے سبب فاؤل ہونے کی وجہ سے امپائر نے پینالٹی ایوارڈ کردی۔
میچ کے 37ویں منٹ میں ملنے والی اس پینالٹی پر جیڈینیک نے گول کرنے میں کوئی غلطی نہ کی اور مقابلہ برابر کردیا۔ہاف کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے درمیان مقابلہ 1-1 گول سے برابر رہا اور دوسرے ہاف میں انتہائی کوشش کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی جس کے سبب مقابلہ 1-1 پر اختتام پذیر ہوا۔
یہ میچ ڈرا ہونے کے بعد آسٹریلیا کی اگلے راؤنڈ میں رسائی کی امیدوں کو دھچکا لگا ہے تاہم وہ اب بھی پری کوارٹر فائنل مرحلے میں پہنچ سکتے ہیں۔
پہلے میچ میں 2-1 سے شکست کھانے والی آسٹریلین ٹیم کا اس وقت صرف ایک پوائنٹ ہے جبکہ ڈنمارک نے پہلے ہی اگلے راؤنڈ میں پہنچنے کی امیدیں روشن کر لی ہیں۔
اب آسٹریلیا کو اگلے راؤنڈ میں رسائی کے لیے پیرو کے خلاف فتح کے ساتھ ساتھ ڈنمارک کی فرانس کے ہاتھوں شکست کا بھی انتظار کرنا ہو گا۔
دن کے دوسرے میچ میں گروپ ’سی‘ میں فرانس نے پیرو کو شکست دے کر لگاتار دوسری کامیابی حاصل کر لی۔
ایکاٹیرن برگ ارینا میں کھیلے گئے میچ میں فرانس کی ٹیم میچ کی ابتدا سے ہی پیرو پر حاوی رہی اور حریف ٹیم کے گول پر یکے بعد دیگرے حملوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
اس دوران فرانس کو گول کرنے کے کئی مواقع ملے لیکن فنشنگ کی کمی کے سبب وہ گول کرنے میں ناکام رہے تاہم 34ویں منٹ میں ایم باپے نے جمود توڑتے ہوئے گول اسکور کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔
فرانس کی یہ برتری پہلے ہاف کے اختتام تک برقرار رہی اور یوں پہلا 1-0 کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔