اسلام آباد: سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے قبل از انتخابات دھاندلی کے الزامات لگا دیے۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو خط میں لاہور کے حلقہ این اے 129 کے ریٹرننگ آفیسر غلام مرتضیٰ کے خلاف شکایت کر دی۔ ایاز صادق نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر مکمل طور پر جانبدار ہیں اور میرے سیاسی مخالف علیم خان کو سپورٹ کر رہے ہیں۔
انہوں نے خط میں مزید کہا ہے کہ مجھے ذاتی طور پر کاغذات کی جانچ پڑتال کے لیے بلایا گیا جبکہ علیم خان کو استثنیٰ دے دیا گیا اور ہمارے احتجاج پر علیم خان کو 19جون کو بلایا گیا ۔
مزید پڑھیں: پرویز مشرف آل پاکستان مسلم لیگ کی چیئرمین شپ سے مستعفی
ایاز صادق کا اپنے خط میں مزید کہنا ہے کہ علیم خان کے پیش ہونے پر ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ آپ کیوں آئے آپ جائیں اپنی مہم چلائیں۔ علیم خان کو کہا گیا کہ آپ کے کاغذات منظور ہو چکے ہیں۔
انہوں نے چیف الیکشن کمشنر کو لکھے گئے خط میں مزید کہا ہے کہ مجھ سے انتہائی توہین آمیز سوالات کیے گئے جن کا کاغذات کی جانچ پڑتال سے تعلق نہ تھا اور میرے غیر ملکی دوروں کی تفصیلات اور ترقیاتی کام کے متعلق غیر ضروری سوالات کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی چوروں کیخلاف وزارت توانائی کو مذہبی اسکالرز سے رابطہ کرنے کی ہدایت
سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے خط میں مطالبہ کیا ہے کہ ریٹرننگ آفیسر غلام مرتضیٰ اپل کو تبدیل کیا جائے، اگر یہ ریٹرننگ آفیسر برقرار رہے تو یہ قبل از انتخابات دھاندلی ہوگی، اس ریٹرننگ آفیسر کی طرف سے اعلان کردہ انتخابی نتائج کو تسلیم نہیں کریں گے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں