زعیم قادری سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے نامزد ملزم شہباز شریف کا قاتل چہرہ بے نقاب کریں،خرم نواز گنڈا پور

09:51 AM, 22 Jun, 2018

لاہور:پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ زعیم قادری نے شریف برادران کے ظلم وبربریت اور ناانصافی کے صرف اس پہلو کو اجاگر کیا جو براہ راست ان کی اپنی ذاتی تکلیف سے متعلق ہے۔

زعیم قادری کو چاہیے کہ وہ سانحہ ماڈل ٹاﺅن کے نامزد ملزم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کا قاتل چہرہ بھی قوم کے سامنے لائیں اور بتائیں شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے کس طرح 17جون 2014کے دن ماڈل ٹاﺅن میں خون کی ہولی کھیلی اور 100لوگوں کو گولیاں ماریں،شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے مظلوم ورثاءزعیم قادری کے منہ سے اس سچ کو سننا چاہتے ہیں اور انہیں یہ سچ بولنا چاہیے،انہوں نے یہ فخر کے ساتھ بتایا کہ وہ سید گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں اور کسی سے ڈرتے نہیں ہیں اب اگر وہ دس سال کے بعد بے خوف ہوئے ہیں تو پھر ادھورا نہیں پورا سچ بولیں، ماڈل ٹاﺅن کے مظلوموں کا ساتھ دیں۔

خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ شریف برادران پاکستان کے سب سے بڑے کرپٹ، سب سے بڑے ظالم، سب سے بڑے سازشی ہیں ان کا ساتھ دینے والے بھی ان کے جرائم سے لا تعلق نہیں رہ سکتے وہ برابر کے ذمہ دار اور حصہ دار تصور ہوں گے، رزق حلال کمانے اور کھانے والا کوئی شخص کرپٹ شریف برادران کا ساتھ نہیں دے سکتا، انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی کشتی ڈوب رہی ہے بہت جلد چھلانگیں لگیں گی،انہوں نے کہا کہ ہمیں الیکشن میںاشرافیہ کی جیت اور ہار سے کوئی غرض نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ شہدائے ماڈل ٹاﺅن کے ورثاءکو انصاف ملے اور لوٹی ہوئی پائی پائی ان سے برآمد کی جائے اور شریف برادران کی کرپشن کو بے نقاب کرنے کے لیے زعیم قادری اپنا قومی، سیاسی کردار ادا کریں۔

مزیدخبریں