لندن: سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ان کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت اب قدرے بہتر ہے تاہم وہ اب بھی مکمل طور پر خطرے سے باہر نہیں ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ کلثوم نواز پہلے کے مقابلے میں بہتر ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ کاش میں جمعرات (14 جون) سے پہلے ان کے پاس آ جاتا تو بہتر ہوتا کم از کم وہ اُس وقت اپنے ہوش و حواس میں تو تھیں۔
مزید پڑھیں: شہباز شریف لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے
دوسری جانب نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے بی بی سی کو بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی حالت اور کیفیت گذشتہ جمعرات کے مقابلے میں قدرے بہتر ہے۔
واضح رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔
کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد رواں ماہ 14 جون کو انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل لایا گیا جہاں سے انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا۔ آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر منتقل کر دیا گیا جس کے بعد سے اب تک وہ ہوش میں نہیں آئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: کیلاشی خواتین کو ہراساں کرنیوالے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا
سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز بھی اُسی روز لندن پہنچے تھے اور ہیتھرو ایئرپورٹ پر انہیں بیگم کلثوم کی طبیعت سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ ایئرپورٹ سے ہی اسپتال پہنچے تھے۔
دو روز قبل میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف نے کہا تھا کی جب وہ ایئرپورٹ پہنچے تو حسن نواز نے کہا کہ آپ سیدھے اسپتال آ جائیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اسپتال پہنچنے کے بعد سے اب تک بیگم کلثوم کو ہوش میں نہیں دیکھا۔ ساتھ ہی انہوں نے قوم سے دعاؤں کی بھی اپیل کی تھی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں